لاہور (ڈیسک) سینئر سیاستدان جہانگیر ترین اور علیم خان کی ملاقات کے دوران نئی سیاسی پارٹی بنانے سے متعلق مشاورت ہوئی۔
علیم خان نے اپنی رہائش گاہ پر جہانگیر ترین اور ان کے ساتھیوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والی موجودہ اور سابقہ شخصیات نے شرکت کی۔
ظہرانے میں وزیراعظم شہباز شریف کے سیاسی مشیر عون چوہدری بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں نئی سیاسی جماعت بنانے سے متعلق جہانگیر ترین کی علیم خان سے مشاورت ہوئی۔
شرکاء نے تجویز دی کہ ہمیں کوئی پریشر گروپ بنانے کے بجائے نئی سیاسی پارٹی بنانی چاہیے، نئی سیاسی پارٹی بنانے سے عوام کے حقوق کا بہتر تحفظ کر سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے سیاسی مشیر عون چوہدری نے بھی نئی جماعت بنانے پر ہی اصرار کیا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ مزید رہنما پی ٹی آئی چھوڑنا چاہ رہے ہیں، انہیں نیا پلیٹ فارم ملنا چاہیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ دو سے تین روز میں نئی سیاسی جماعت کا اعلان کر دیا جائےگا۔
آئندہ 72 گھنٹوں میں جہانگیر ترین پی ٹی آئی سے لاتعلقی کرنے والے اہم سیاسی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کریں گے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین جلد ہی الیکشن کمیشن میں نئی پارٹی کی رجسٹریشن کی درخواست دیں گے۔