لاہور (ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ ہمارے محسن ہیں اور محسنوں کے خلاف بات نہیں کرنی چاہئے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جنرل باجوہ کے عمران خان پر بہت احسانات ہیں، جب عمران خان جنرل باجوہ کے خلاف بات کر رہے تھے تو مجھے بہت برا لگا۔
اب اگر جنرل باجوہ کے خلاف کوئی بات ہوئی تو سب سے پہلے میں بولوں گا اور میری جماعت بولے گی۔
چوہدری پرویز الٰہی نے لاہور میں صحافیوں سے رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض نے بہت زیادتیاں کیں، ہمیں اندر کرنے کی کوشش کی وہ ہمارے خلاف تھے، میں نے جنرل (ر) باجوہ کو فیض کے بارے میں بتایا تو فیض نے کہا کہ عمران خان کا حکم ہے۔
رہنما ق لیگ پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ عمران خان تو مونس الہٰی کو ساتھ نہیں بٹھاتے تھے، اس کے باوجود ہم نے اُن کا ساتھ دیا۔ جب عمران خان نے کہا کہ اسمبلی توڑ دو تو ہم نے فوراً ہامی بھر لی۔