لاہور (ڈیسک) محکمہ داخلہ پنجاب نے جناح ہاؤس جلانے والے افراد کی تصاویر جاری کرکے عوام سے نشاندہی کی اپیل کردی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے جناح ہاؤس جلانے میں ملوث افراد کی شناخت کرنے والوں کے لیے 2 لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہےکہ جناح ہاؤس جلانے میں ملوث افراد کی نشاندہی اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی مدد کریں، شناخت کرانے والے فرد کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

پنجاب حکومت نے حالیہ ہنگامہ آرائی اور سول و عسکری تنصیبات میں توڑ پھوڑ کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
یاد رہے کہ 9 مئی کو شرپسندوں نے جناح ہاؤس لاہور (کور کمانڈر لاہور کی رہائش گاہ) پر حملہ کرکے اسے تباہ کردیا تھا اور سامان لوٹنے کے بعد اسے آگ لگا دی تھی، حملہ آوروں نے قائداعظم محمد علی جناح کا پیانو، رائٹنگ ٹیبل ڈیسک اور تلوار بھی جلا ڈالی تھی، یہ نوادرات بانی پاکستان نے حکومت پاکستان کو عطیہ کی تھیں اور بطور قومی ورثہ یہاں محفوظ تھیں۔