راولپنڈی (نیوز ڈیسک) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر آج پورے ملک میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کامیاب رہی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ تاجر برادری نے جماعت اسلامی کی کال کو کامیاب بنایا، تمام تاجر برادری کے رہنماؤں کا جماعت اسلامی شکریہ ادا کرتی ہے۔
عوام، تاجر، صنعتکاروں کا شٹر ڈاؤن واضح پیغام ہے کہ مہنگی بجلی ناقابل برداشت ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ آئی پی پیز ملک کےلیے سکیورٹی رسک بن چکی ہیں، اب یہ ممکن نہیں عوام کا خون نچوڑ کر آئی پی پیز کو ڈالرز میں ادائیگیاں کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے تیار نہیں تو ملک گیر لانگ مارچ کیا جائے گا۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمران طبقہ مفت پیٹرول اور مفت بجلی انجوائے کر رہا ہے، اب یہ کھیل ختم ہونا چاہیے، عوام چاہتے ہیں ناجائز ٹیکسز کا خاتمہ ہو، ایف بی آر کے ناجائز ایڈوانس ٹیکسز ناقابل برداشت ہیں، ہم نے دھرنا مؤخر کر کے حکومت کو 45 دن کا وقت دیا، ہمارا دھرنا سیاسی یا پارٹی ایجنڈا نہیں تھا۔
لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ حافظ نعیم الرحمان نے واضح طور پر کہا ہے کہ احتجاج جاری رہے گا، آج کی شٹر ڈاؤن ہڑتال ہمارے دھرنے کا تسلسل ہے، عوام کا حق ہے ان کو سستی بجلی اور سستی روٹی ملے، صنعت کا پہیہ چلانے کےلیے عوام کو ریلیف دینا پڑے گا۔