You are currently viewing جماعت اسلامی نے لوڈشیڈنگ، بھاری بلز کیخلاف احتجاج کا اعلان کردیا

جماعت اسلامی نے لوڈشیڈنگ، بھاری بلز کیخلاف احتجاج کا اعلان کردیا

لاہور (نیوز ڈیسک) جماعت اسلامی نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور بھاری بلوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نااہلی اور طرز حکمرانی گرمی کی شدت کو مزید بڑھا دیتی ہے، پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، پاکستانی قوم 28 سو ارب کی کپیسٹی پیمنٹ کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کا بوجھ غریب اور صنعتکار برداشت کررہے ہیں، بجلی کے بل نہیں بلکہ بم گرائے گئے ہیں، اوور بلنگ کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شدیدگرمی میں عوام نے عید گزاری، بارہ بارہ چودہ چودہ گھنٹے لوڈشیڈنگ کا سامنا رہا، سرمایہ کاری ترسیلی نظام میں کرنے کے بجائے آئی پی پیز کو نوازنے کے لیے خرچ کردی گئی، 70 سال سے پاکستان میں ایک طبقہ مسلط ہے، پورے ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور بھاری بلوں کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو بجٹ پیش کیاگیا اس میں عوام پر مزید ٹیکس کا بوجھ ڈالا گیا، جو ٹیکسز نہیں دیتے وہ مراعات لیتے ہیں اور جو پہلے ہی ٹیکس دے رہے ہیں ان پر مزید بوجھ ڈالا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں 13 ہزار ارب ٹیکسز اہداف سے مڈل کلاس طبقہ پسے گا، وزیر خزانہ شاہی فرمان جاری کرتے ہیں کہ سارے سرکاری ادارے پرائیویٹائز کردینے چاہئیں، آپ ہوتےکون ہیں ایسے بیانات دینے والے؟۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.