کراچی (ڈیسک) انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ نے سندھ پولیس کو جاری ہدایات میں کہا ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں 8ربیع الاول کے روزبرآمد ہونے والے چپ تعزیہ کے جلوسوں کے روٹس اور مرکزی اجتماع گاہوں پر سکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو ٹھوس مربوط اور غیر معمولی بنایا جائے۔
اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آئی جی سندھ نے کہا کہ ذونز،ڈسٹرکٹس اور اضلاع کی سطح پر تعینات مجموعی ڈپلائمنٹ کو سکیورٹی فرائض کی بابت بریفنگ لازمی دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ، حیدرآباد،سکھر، میرپورخاص،شہید بینظیر آباد اور کراچی میں سکیورٹی اقدامات کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے تمام تر فوکس 12ربیع الاول کے مرکزی اجتماعات،جلوسوں، محافل میلاد،نعت، وعظ،تقاریر و دیگر کی سکیورٹی پر رکھا جائے۔
اس ضمن میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے باہمی مشاورت اور ان کی تجاویز کی روشنی میں مرتب کردہ سکیورٹی پلان پر عمل درآمد اور ترجیحات کو ہرسطح پر ٹھوس اور غیر معمولی بنایا جائے۔