اسلام آباد (ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کے بڑے شہروں میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں، جلائو گھیرائو اور نقص امن کے الزام میں سیکڑوں افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق پی ٹی آئی کی ٹاپ آرڈر لیڈر شپ کے علاوہ مسرت جمشید چیمہ، فلک ناز چترالی، اجمل صابر راجہ، ملیکہ بخاری اور جمشید اقبال کو حراست میں لیا گیا ہے۔
ان افراد کی گرفتاریوں کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں، پولیس نے رات گئے 80افراد کو گرفتار کیاجن پر سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
اسلام آباد میں دو روز کے دوران گرفتار کیے گئے افراد کی تعداد ڈھائی سو سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ترنول ریلوے اسٹیشن کو آگ لگانے، فائرنگ کرنے اور ریلوے کی پٹڑیاں اکھاڑنے کے ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن پر قانون کے مطابق ایف آئی آر اور بعد ازاں مقدمات چلائے جائیں گے۔