برلن(ڈیسک)جرمنی میں کورونا وائرس کی لگائی گئی پابندیوں کو ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق جرمن پارلیمان میں منظور کیے جانے والے ایک بل کے تحت اب زیادہ تر مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی بھی ختم ہو جائے گی۔ جرمن چانسلر اولاف شولس نے اپنی اس پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی اس عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ گزشتہ دو برسوں سے عائد یہ پابندیاں ایک ایسے وقت پر اٹھائی گئی ہیں کہ جب ملک بھر میں کورونا انفیکنشز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ اپوزیشن کرسچن ڈیموکریٹک یونین نے اس حکومتی پالیسی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی پابندیاں کل اتوار کے روز سے ختم ہو رہی ہیں تاہم پبلک ٹرانسپورٹ وغیرہ میں ماسک پہننا لازمی ہو گا۔