ٹوکیو(ڈیسک)جاپان کے وزیراعظم سوگا یوشی ہیدے نے کورونا وائرس کی عالمی وباکے دباو کے نتیجے میں طبی دیکھ بھال کی مناسب سہولیات کی فراہمی میں حکومت کی ناکامی پر معذرت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے معذرت کا اظہارپارلیمان کی ایک کمیٹی کے اجلاس میں کیا۔اپوزیشن کی ایک سینئر قانون ساز نے نشاندہی کی کہ متاثرہ لوگ ہسپتال میں داخل نہیں ہو سکے۔ کانسٹیٹیوشنل ڈیموکریٹک پارٹی کی متسوجی موتو کِیومی نے کہا کہ لوگ ہسپتال میں علاج کی سہولت سے مستفید ہوئے بغیر گھروں پر اکیلے انتقال کر گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ دیگر افراد کا انتقال ہنگامی طور پر منتقل کرنے کے دوران ہوا۔انہوں نے سوگا سے سوال کیا کہ آیا وہ سرکاری امداد سے نہ بچائی جا سکنے والی جانوں کا خود کو ذمہ دار سمجھتے ہیں۔ سوگا یوشی ہیدےنے کہا کہ نظام کو مزید مضبوط بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے تاکہ ہسپتال لے جانے کے دوران لوگوں کا کبھی انتقال نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ عوام میں تشویش پائی جاتی ہے کہ آیا ہر ایک کو درکار طبی امداد فوری طور پر فراہم ہو سکے گی اور بطور نگران انہیں اس بات پر انتہائی افسوس ہے۔گنجائش سے زیادہ مریض آنے کی وجہ سے ہسپتال پہلے سے زیادہ تعداد میں متاثرہ افراد کو واپس بھیجنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ آخری اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر 35 ہزار سے زائد افراد گھروں پر اپنی دیکھ بھال خود کر رہے ہیں۔