ٹوکیو (ڈیسک) جاپان نے کورونا وائرس کے باعث نافذ کردہ اپنی ہنگامی حالت کو ہوکائیدو، اوکایاما اور ہیروشیما صوبوں تک بڑھا دیا ہے جہاں متاثرین کی یومیہ تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، اب ہنگامی حالت ٹوکیو اور اوساکا سمیت نو صوبوں میں نافذ ہے اور 31 مئی تک نافذ العمل رہے گی۔
ہوکائیدو کے رہائشیوں پر زور دیاگیا ہے کہ جب تک ناگزیر نہ ہو اس وقت تک باہر نہ نکلیں جبکہ خوردونوش کے کاروباروں کو اوقات کار میں کمی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔انتہائی شمالی علاقوں میں گزشتہ ہفتے فی ایک لاکھ نفوس میں نئے متاثرین کی تعداد ملک بھر میں سب سے زیادہ تھی۔مغربی صوبے ہیروشیما میں ہفتے کے روز 238 افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع دی گئی جو اس کی اب تک کی ریکارڈ یومیہ تعداد ہے۔ معروف سیاحتی مقام میاجیمامیں خریداری کے بہت سے مراکز بند ہیں۔