You are currently viewing جان لیوا نپاہ وائرس سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے، محکمہ صحت سندھ

جان لیوا نپاہ وائرس سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے، محکمہ صحت سندھ

کراچی (ڈیسک) خطرناک نپاہ وائرس کے پاکستان میں پھیلاؤ کا ممکنہ خطرے کے باعث الرٹ جاری کر دیا گیا۔
محکمہ صحت سندھ نے بھارت میں تباہی پھیلانے والے خطرناک وائرس نپاہ کے پاکستان میں پھیلائو کے ممکنہ خطرے سے آگاہ کر دیا۔
اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ نے سرکاری اسپتالوں کو ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں ہدایت دی گئی ہیں کہ نپاہ وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر تمام عملہ الرٹ رہے۔
ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ سندھ نے تمام اسپتالوں کو مراسلہ لکھ دیا جس میں محکمہ صحت سندھ کی جانب سے سندھ بھر کے اسپتالوں کے ایم ایس ، ڈائریکٹرز، اور محکمہ لائیو اسٹاک کو بہت محتاط رہنے کا کہا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نپاہ وائرس جانوروں سے انسانوں اور انسانوں سے انسانوں میں تیزی سے پھیلتا ہے، بیماری کی ابتدائی علامات میں بخار،سر میں درد ،جسم میں درد اور کوما سمیت دیگر علامات شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سندھ سمیت پاکستان بھر میں ابھی تک نپاہ وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا مگر حفظ ما تقدم کے طور پر بہت زیادہ احتیاط برتے جانے کی ضرورت ہے۔