استنبول (ڈیسک) وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ تین سال میں ترکیہ کے ساتھ تجارت کو 5 بلین ڈالر تک بڑھائیں گے۔ ترک سرمایہ کاروں کے مسائل کا ازالہ کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔ ترکہ سے معاہدہ تشکیل پا گیا ہے۔ ماضی میں آپ لوگوں کو پاکستان میں کچھ مشکلات پیش آئیں، یقین دلاتا ہوں کہ ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ حکومت ترجیحی بنیادوں پر سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرے گی۔
استنبول میں پاکستان ترکیہ بزنس کونسل میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ بزنس کونسل میٹنگ سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ ملے گا، دونوں ممالک کے درمیان تجارت، دفاعی پیدا وار اور مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط کرنے پر پیشرفت ہوئی ہے۔
شہباز شریف نے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں شمسی توانائی کے منصوبے میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ہم پاکستان میں شمسی توانائی سے 10 ہزار میگا واٹ کا منصوبہ لے کر آ رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے بے پناہ امکانات ہیں، پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کو آسان بنانے بنا رہے ہیں۔
وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی امداد پر پاکستان کے عوام اور خواص ترکیہ کے صدر اور ترک عوام کے شکر گزار ہیں، سیلاب سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا ہے کہ ترکیہ بھی پاکستان کی طرح دہشت گردی کا نشانہ رہا ہے، دنیا جانتی ہے کہ ترکیہ اور پاکستان برادر ممالک ہیں، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔
پاکستان اور ترکیہ مل کر دہشت گردوں کے خلاف حکمت عملی اپنانے پر تیار ہیں۔
