You are currently viewing توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطل

توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطل

اسلام آ باد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطل کردی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامرفاروق نے قرار دیا کہ سزا کے خلاف اپیل عید کے بعد مقرر کریں گے۔
قبل ازیں توشہ خانہ نیب ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیل پر سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے سوال کیا کہ کیا آج اپیل سماعت کے لیے مقرر ہے؟ اپیل شروع نہیں کریں گے اگر آپ چاہتے ہیں تو سزا معطلی پر دلائل دے دیں۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ہم سزا معطلی کی بجائے مرکزی اپیل پر دلائل دیں گے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ سائفر کیس کل سماعت کے لیے مقرر ہے، جو کچھ دنوں میں مکمل ہو جائے گا، توشہ خانہ کیس آج سن کر کل سماعت کے لیے نہیں رکھ سکتے، سائفر کیس میں ایف آئی اے کے دلائل شروع ہونے ہیں، ہمیں نہیں معلوم وہ کتنا وقت لیتے ہیں، ہم توشہ خانہ کیس کو عید کے بعد رکھ لیتےہیں۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ فیصلے کا جائزہ لیا ہے، یہ سزا معطلی کا کیس ہے۔
عدالت نے کہا کہ یہ نیب کا بڑا قابل تعریف مؤقف ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس 31 جنوری کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 14-14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو 10 سال کے لیے نااہل بھی قرار دیا تھا۔
احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر مجموعی طور پر 1 ارب 57 کروڑ 40 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔
عدالت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی پر 78 کروڑ 70 لاکھ روپے جبکہ بشریٰ بی بی پر بھی 78 کروڑ 70 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.