You are currently viewing توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد

توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی نقول فراہم کردیں۔
عمران خان پر الزام ہے کہ انھوں نے 2018 سے 2022 کے دوران اپنے دور وزارت عظمیٰ میں بیرون ممالک سے ملنے والے قیمتی تحائف کم قیمت پر حاصل کیے اور پھر ان تحائف کو 6 لاکھ 35 ہزار ڈالر میں فروخت کیا۔
عمران خان کو ملنے والے تحائف میں سعودی عرب سے ملنے والی قیمتی گھڑی بھی شامل ہے جس پر خانہ کعبہ کا ماڈل بنا ہوا ہے جس کی عالمی مارکیٹ میں قیمت اندازے کے مطابق 60 سے 65 کروڑ روپے ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 21 اکتوبر 2022 کو کہا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے آئین کے آرٹیکل 63 (1) کے تحت توشہ خانہ کے تحائف اور اثاثوں کے حوالے سے غلط بیانی کی۔
5 اگست 2023 کو اسلام آباد کی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو 3سال قید کی سزا کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 21 دسمبر کو جاری فیصلے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نااہلی برقرار رکھی تھی۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.