You are currently viewing تنازعات کے باعث راحت فتح علی خان کی اپنے پروموٹر سے راہیں جدا

تنازعات کے باعث راحت فتح علی خان کی اپنے پروموٹر سے راہیں جدا

لاہور (نیوز ڈیسک) معروف پاکستانی موسیقار و گلوکار راحت فتح علی خان نے عالمی کانسرٹ پروموٹر سلمان احمد کے ساتھ تنازعات کے بعد راہیں جدا کرلیں۔
راحت فتح علی خان کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ محبت اور پرامن طور پر اپنی راہیں جدا کررہے ہیں، پاکستانی کمپنی آر ایف اے کے، این آر کے میں ضم ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ کانسرٹ پروڈیوسر سلمان احمد نے 12 برس تک راحت فتح علی خان کے دنیا بھر میں شو منعقد کرائے تاہم اب بتایاجارہا ہے کہ مستقبل میں راحت کے معاملات ان کی اہلیہ اور خاندان کے دیگر افراد دیکھیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ خاندانی معاملات اور پروموٹر کی عالمی سطح پر لابنگ اور لائیو شوز کے تنازعات کے سبب دونوں کی راہیں جدا ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق معاملات اتنے سادہ نہیں اور معاملہ قانونی چارہ جوئی تک بھی جاسکتا ہے۔
راحت فتح علی خان نے کسی کا نام لیے بغیر الزام لگایا ہے کہ پہلے کلائنٹس کی طرف سے میرے علم میں لائے بغیر کمپنی کو ادائیگیاں کی گئیں۔
راحت فتح علی خان کے سابقہ مینجمنٹ کے ساتھ حال ہی میں کئی تنازعات سامنے آچکے ہیں تاہم کنسرٹ پروموٹر سلمان احمد نے راحت فتح علی خان کے الزمات کو مسترد کردیا ہے۔
سلمان احمد کا کہنا ہے کہ پریس کانفرنس سے 5 روز قبل ہی راحت فتح علی نے مجھ سے ملاقات اور دورہ برطانیہ و دیگر تاریخوں پر بات کی تھی ۔
انھوں نے کہا کہ راحت فتح علی خان کے ساتھ 22 ملین امریکی ڈالر کا انٹرنیشنل بزنس اور 1.2 بلین روپے کا مقامی بزنس کیا۔
انھوں نے کہا کہ راحت کی شادیوں، خاندانی اور بزنس معاملات سمیت امیج بہتر بنانے کے لیے کام کیا، ایک ایک پیسے کا حساب موجود ہے، تمام حساب پاکستانی ٹیکس اور آڈٹ حکام کے حوالے کرنے کو تیار ہوں۔
مزید برآں راحت فتح علی خان کے ترجمان نے سوالات کا جواب نہیں دیا ہے۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.