کراچی (ڈیسک) گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ کراچی میں تمام زمینوں سے قبضے ختم کرائیں گے، مافیاز شہر قائد سے اپنا بستر گول کر لیں ۔
چین کے قونصل جنرل لی بیجان کے ہمراہ پاک چائنا فرینڈ شپ پارک کا افتتاح کرتے ہوئے گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو گرین اینڈ کلین بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، پارک کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کراچی کے لوگ تفریح سے محروم ہوچکے تھے، شہر میں جہاں بھی زمینوں پر قبضے تھے سب ختم کیے جا رہے ہیں، الہ دین پارک کی اراضی واگزار کرکے قائم تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا ہے، انھوں نے کہا کہ مافیاز اب کراچی سے اپنا بستر گول کرلیں۔ حالیہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق گورنر سندھ کا کہنا تھا بلدیاتی انتخابات میں ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا جس طرح شہریوں کو پولنگ کے لیے نکلنا تھا وہ نہیں نکلے، بطور گورنر میرا سیاست میں کوئی کام نہیں ہے۔ اس موقع پر چین کے قونصل جنرل لی بیجان کا کہنا تھا پاکستان اور چین کی دوستی مثالی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے منصوبے مستقبل میں کراچی کے لیے بہتر ثابت ہوں گے ۔
