You are currently viewing تقریب تقسیم لیپ ٹاپ :نوجوانوں پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کچھ نہیں، وزیر اعظم

تقریب تقسیم لیپ ٹاپ :نوجوانوں پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کچھ نہیں، وزیر اعظم

اسلام آباد (ڈیسک) وزیراعظم محمد شہبا ز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کا مستقبل اور خوشحالی کی ضمانت ہیں، دل چاہتا ہے کہ ہر بچے کے پاس لیپ ٹاپ ہو اور ایک لاکھ نہیں ایک کروڑ لیپ ٹاپ تقسیم کروں، نوجوانوں پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کچھ نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو جناح کنونشن سنٹر میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، وزیراعظم کے معاون خصوصی شزہ فاطمہ، عطا تارڑ، ملک احمد خان کے علاوہ چیئرمین ایچ ای سی ، اساتذہ، والدین اور طلبا و طالبات بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے مستقبل کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔ میرادل چاہتا ہے کہ ہر نوجوان کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ دوں ۔کووڈ۔19کی عالمگیر وبا آئی تو درسگاہیں بند ہو گئیں، یہ لیپ ٹاپ ہی تھا جو نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اور کامیاب پروفیشنل بننے کا ذریعہ بنا۔
انھوں نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق قوم کے ہر بچے جس کے پاس علم ہے اور محنت کرنا چاہتا ہے اسے اپنا پیٹ کاٹ کر لیپ ٹاپ فراہم کریں گے۔ یہ لیپ ٹاپ لاکھوں نوجوانوں کو روزگار کمانے کے قابل بنانے کا ذریعہ بھی بنا ہے۔ آئندہ ایک سال کے دوران نوجوانوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے اس کے لئے بجٹ میں رقم مختص کردی گئی ہے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.