اسلام آباد(ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تعلیم پر کسی ایک طبقے کا حق نہیں، ہم غریب کے بچوں کو کو بھی علم و ہنر کے یکساں مواقع مہیا کریں گے، ملک کا مستقبل فنی تعلیم سے جڑا ہے۔
وہ نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اسلام آباد کے مرکزی کیمپس کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
انھوں نے کہا کہ یہ کیمپس تعمیر کے بعد پاکستان میں ٹیکنیکل اور صنعتی تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا، یونیورسٹی میں 7گریجویٹ پروگرام کروائے جارہے ہیں ،یونیورسٹی مزید گریجویٹ اور ماسٹرز پروگرامز کا آغاز کرے گی
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہنرمند افراد کو بیرون ملک بھیجنے سے تجارتی خسارہ کم کیا جا سکتا ہے، نوجوانوں کو ہنرمند بنانا وقت کا تقاضا اور کامیابی کی کنجی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ ہماری ترجیح ہونا چاہیے، ملکی ترقی کے لیے فنی تعلیم کا فروغ ضروری ہے، تعلیم کسی ایک طبقے کا نہیں سب کا حق ہے، گزشتہ ادوار میں 4 لاکھ 50 ہزار طلبا کو میرٹ پر وظائف دیے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان نسل کرپشن کو ختم کرکے ملک کو آگے لے جانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتی ہے۔