انقرہ ( ڈیسک) اسلامی ملک ترکہ اور شام میں شدید زلزلے سے 200سے زائد افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
جرمن ریسرچ سینٹر کے مطابق ترکیہ میں زلزلے کی شدت 7.9ریکارڈ کی گئی جب کہ اس کا مرکز ترکیہ کے جنوب مشرق میں غازیان اور نرودی کے علاقے ہیں۔
امریکن جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ممالک یونان، اردن، لبنان، قبرس اور اسرائیل تک محسوس کیے گئے ہیں۔
7.9شدت کے زلزلے سے درجنوں عمارتیں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکی ہیں ، بہت سے لوگوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے جس سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
ترکیہ کے متاثرہ علاقوں میں ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے کارکن اور دیگر ریسکیو اداروں کی ٹیمیں مقامی افراد کے ہمراہ ملبے میں دبے لوگوں کو تلاش کر رہی ہیں اور ابتدائی طبی امداد پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، زلزلے سے عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، دیواروں میں دراڑیں پڑنے سے عمارتیں کمزور ہو گئیں۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق زلزلہ صبح 4بجے کر 15منٹ پر آیا جب زیادہ تر افراد سوئے ہوئے تھے، زلزلے کے جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے جاتے رہے۔
ترکیہ کے وسطی علاقوں میں زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری رہا جن کی شدت 6.7تھی، آفٹر شاکس 11منٹ محسوس کیے جاتے رہے۔
ترکیہ کے سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ ترکیہ کے جنوب میں زلزلے سے سیکڑوں افراد زخمی ہیں، جب کہ بڑے زلزلے کے بعد 32آفٹر شاکس آ چکے ہیں۔
