You are currently viewing بیپر جوائے سمندری طوفان کراچی سے 230، کیٹی بندر سے محض 150کلومیٹر دور

بیپر جوائے سمندری طوفان کراچی سے 230، کیٹی بندر سے محض 150کلومیٹر دور

کراچی (ڈیسک) بحر عرب میں پیدا ہونے والا سمندری طوفان بیپر جوائے کراچی کے جنوب سے 230کلومیٹر ، کیٹی بندر سے 150کلومیٹر اور ٹھٹھہ کے جنوب سے 235کلومیٹر دوری پر موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندری طوفان کا الرٹ جاری کیا جا چکا ہے جس کے مطابق سمندری طوفان بائپر جوئے پاکستان کے علاقے کیٹی بندر اور بھارتی علاقے گجرات کی جانب بڑھ رہا ہے۔
کسی بھی قسم کے ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کے حفاظتی دستے علاقوں میں موجود ہیں، طوفان کے مرکز میں 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ طوفان کے مرکز اور اطراف میں 30 فٹ بلند لہریں اٹھ رہی ہیں۔ طوفان کے ذیلی اثرات کے پیشِ نظر جنوبی مشرقی سندھ کے اضلاع میں تیز بارشوں کا امکان ہے۔ بدین، سجاول، ٹھٹہ، تھرپارکر، میرپورخاص اور عمرکوٹ میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدرآباد، ٹنڈوالہیار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ اور شہید بینظیر آباد میں بھی گرج چمک آندھی کے ساتھ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
وزیراعظم نے سمندری طوفان کے نتیجے میں پیش آنے والی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی کمیٹی تشکیل دیدی، جس میں وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی، وزیر توانائی اور وفاقی وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام سید امین الحق شامل ہیں، کمیٹی میں متعلقہ اداروں کے سربراہان کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر فوری اقدامات اُٹھائے جاسکیں۔
انھوں نے سمندری طوفان کی صورتحال میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ کمیٹی سمندری طوفان بپرجوائے کے پاکستان کی ساحلی پٹی سے ٹکرانے کے نتیجے میں پیدا ہونی والی صورتحال، نقصانات کا بھی جائزہ لے گی اور وزیراعظم کو فوری رپورٹ ارسال کرے گی۔