آئی ایس ایس (ڈیسک) بین الاقوامی خلائی سٹیشن (آئی ایس ایس )پر موجود روسی خلابازوں نے تقریبا ساڑھے چھ گھنٹے تک خلائی چہل قدمی مکمل کی۔ روسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر موجود روسی خلا بازسرگی پروکوپیف کی تیسری جبکہ دمتری پیٹلن کی پہلی خلائی چہل قدمی تھی۔
بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے براہ راست نشریات کے مطابق خلابازوں نے شام 5:39 پر خلا میں چہل قدمی شروع کی اور 6 گھنٹے 25 منٹ خلا میں گزارے۔ سپیس واک شروع کرنے کے بعد دمتری پیٹلن نے اطلاع دی کہ ان کے سینسر نے گیس کا زیادہ درجہ حرارت دکھایا تاہم مشن کنٹرول سینٹر سے ان کو بتایا گیا کہ سینسر کی ریڈنگ غلط ہے اور سب کچھ نارمل ہے۔
اس کے بعد خلابازوں نیریزویٹ ماڈیول میں کارگو بوم اڈاپٹر نصب کیا، ریڈی ایٹر کو نوکا ریسرچ ماڈیول میں منتقل کرنے کے لیے تیار کیا جو سائنسی تجربات کے دوران ریسرچ ماڈیول سے اضافی تھرمل بوجھ کو ہٹانے کے لیے درکار ہوتا ہے۔ ریڈی ایٹر کی منتقلی ای آر اے کا روبوٹک بازو استعمال کرتے ہوئے آئندہ کیس خلائی چہل قدمی کے دوران مکمل کی جائے گی۔
خلابازوں نے کارگو بوم پر ایک انٹرلاک بھی نصب کیا، جسے عملے کے ارکان زاریا اور پوئزک ماڈیول کے درمیان آنے جانے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے نوکا ماڈیول پر بڑی اشیا کو منسلک کرنے کے لیے ایک فاسٹنر بھی نصب کیا۔اس موقع پردونوں خلا بازوں نے ایک دوسرے کی تصاویر بھی بنائیں۔ خلائی چہل قدمی مکمل کرنے کے بعد دو نوں خلا باز پویزک ماڈیول میں واپس آگئے ۔
یہ بین الاقوامی سٹیشن پر قیام کے دوران مجموعی طور پر روسی خلا بازوں کی ساتویں چہل قدمی تھی جو ایک ریکارڈ ہے۔واضح رہے کہ خلاباز دمتری پیٹلن بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر روسی خبر رساں ادارے تاس کے نمائندہ بھی ہیں جو اپنے ادارے کے لئے وہاں سے براہ راست نشریات کا اہتمام کرتے ہیں۔
