کراچی(ڈیسک)وفاقی حکومت کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کی کوششوں کے طور پر جنگلات بحالی،مٹی کے تحفظ اور پانی کی انتظام کاری میں بہتری کیلئے بینک اسلامی کے تحت ”قوم کیلئے شجرکاری“کے نام سے شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔بینک اسلامی کی جانب سے 73ویں یوم آزادی کے موقع پرمختلف سرگرمیوں اور تقریبات کے ذریعے پاکستان سے اپنی محبت اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا اور درخت لگانا ان میں سے ایک تھا۔
بینک اسلامی کے صدر و سی ای او سید عامر علی نے بینک کے عملے کے ہمراہ بڑھتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور پاکستان میں ماحولیاتی معیار کی بہتری کیلئے درخت لگائے۔
بینک اسلامی ایک سماجی ذمہ دار کارپوریٹ ادارہ ہونے کے ناطے زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ملک کی شجر کاری کی سب سے بڑی مہم میں حکومت کے نقش قدم پر عمل پیرا ہے۔بینک اسلامی کی جانب سے ماضی میں بھی پاکستان کو سرسز و شاداب بنانے کیلئے اس قسم کی مہم کا انعقاد کیا جاچکا ہے۔اس مرتبہ یہ مہم ایک بہتر اور نئی شجر کاری مہم کی شکل میں سامنے آئی ہے تا کہ آنے والے موسموں میں ماحولیاتی صحت میں بہتری کی جانب کاوشوں کو جاری رکھا جاسکے۔
بینک اسلامی کے صدر و سی ای او سید عامر علی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہوانے والے ممالک میں 7ویں نمبر پر ہے،جہاں شہری ایک وقت میں ایک درخت لگا کر شجر کاری کی اس مہم میں معاونت کرسکتے ہیں۔قوم کیلئے شجرکاری کی اس مہم کے تحت بینک اسلامی کا مقصد جنگلات کی کٹائی کے سنجیدہ مسئلے کے حل کیلئے کی جانے والی عالمی کوششوں ”بون چیلنج“میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے بچوں کیلئے ایک بہتر پاکستان کو یقینی بنانے کیلئے اجتماعی اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ہم نے ایک سرسز و شاداب پاکستان کے ساتھ ان کی زندگیوں میں خوشیاں لا کر اپنے صارفین کیلئے ایک مثال قائم کرتے ہوئے اقدامات کئے ہیں۔درخت ہماری زندگیوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،اور ہم سب کو ملکر اپنے شہر اور ملک میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے،کیونکہ یہ وقت کی ایک اہم ضرورت ہے۔
بینک اسلامی پر امید ہے کہ یہ ا بتدائی اقدام قوم کو ماحولیاتی مسائل سے نکالنے کیلئے بڑے اقدامات میں تبدیل ہوگا۔بینک اسلامی کے دیگر ملازمین نے بھی شجر کاری کی اس مہم کے تحت اپنے علاقے اور شہر کی برانچزمیں درخت لگائے۔