کراچی (ڈیسک) سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کی سابق چیئرپرسن شہید بے نظیر بھٹو کی 15ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور کارکنان آج گڑھی خدا بخش میں ان کے مزار پر حاضری دیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔
گڑھی خدا بخش میں جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری جلسے سے خطاب کریں گے۔
مزار کے احاطے میں جلسہ آج سہ پہر 3بجے شروع ہو گا ، جلسے میں شرکت کے لیے ملک بھر سے پیپلز پارٹی کے عہدے داران اور کارکنان لاڑکانہ پہنچ رہے ہیں۔
جلسے کی سیکیورٹی کے لیے رضاکار، اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے اہلکار جلسہ گاہ میں موجود ہیں۔ مرکزی قائدین کی سیکیورٹی کے لیے سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی کمانڈوز فرائض ادا کریں گے، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ٹریفک پولیس اہلکار بھی جلسہ گاہ کے اطراف میں اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
پیپلز یوتھ، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن، کلچرل ونگ، شعبہ خواتین، اقلیتی ونگ سمیت دیگر شعبہ جات کے عہدے داران و کارکن بھی جلسے میں شرکت کے لیے گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں۔
