You are currently viewing پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم سے خوف، ویزا اجرا میں بھارتی ہائی کمیشن کے تاخیری حربے

پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم سے خوف، ویزا اجرا میں بھارتی ہائی کمیشن کے تاخیری حربے

اسلام آباد (ڈیسک) پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن قومی بلائنڈ کھلاڑیوں کو ویزے دینے میں تاخیری حربے اختیار کررہا ہے جس کی وجہ سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ کپ میں قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کے مطابق ہم نے ویزوں کےلیے کھلاڑیوں کی تمام دستاویزات 12ستمبر کو بھارت بھجوائی تھیں جبکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے پاسپورٹ 23 نومبر کو اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کو بھجوائے گئے تھے تاہم پاکستان میں بھارتی کمیشن ہمارے ساتھ تعاون نہیں کررہا جس کی وجہ سے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں شرکت کےلیے پاکستان کی وزارت خارجہ اور داخلہ اور بھارتی وزارت داخلہ اور وزارت کھیل نے بروقت قومی کھلاڑیوں کو این او سی جاری کیے تھے جس کے بعد ویزوں کے حصول کےلیے ہم نے پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن سے بارہا رابطہ کیا تاہم اس حوالے سے کوئی تعاون نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ کی افتتاحی تقریب (آج) پیر کو ہورہی ہے جبکہ ایونٹ کا باقاعدہ آغاز (کل) منگل سے ہوگا۔ پاکستان ٹیم ٹورنا منٹ میں اپنا پہلا میچ کل منگل کو جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گی تاہم متعلقہ دستاویزات بروقت جمع کروانے کے باوجودبھارتی ہائی کمیشن کی طرف سے ابھی تک کھلاڑیوں کو ویزے ہی نہیں جا ری کیے گئے۔ ایونٹ کا فائنل 17 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ سید سلطان شاہ نے کہا کہ ورلڈ کپ کےلیے ہماری تیاریاں مکمل ہیں اور چند روز قبل ورلڈ کپ کےلیے باضابطہ طور پر17 رکنی ٹیم کا اعلان بھی کیا گیا تھا ۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7