You are currently viewing بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا  کو ایک اننگز اور 239  رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی

بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو ایک اننگز اور 239 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی

نا گپور(ڈیسک):بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 239رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیتے ہوئے ریکارڈ ساز فتح حاصل کرلی۔میچ کے آخری روز 405 رنز کے خسارے سے دوچار سری لنکن ٹیم نے ایک وکٹ پر21رنز سے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے مزید384رنز درکار تھے تاہم پوری ٹیم 166 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

اننگز کے دوبارہ آغاز کے موقع پر دمتھ کرونا رتنے 11 اور لہیروتھریمانے 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔کرونا رتنے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 7رنز کا اضافہ کرنے کے بعد رویندرا جدیجا کی گیند پر مرلی وجے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ 48 کے مجموعی اسکور پر تھریمانے بھی 23 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر امیش یادو کا شکار بن گئے۔

سابق کپتان اینجلو میتھیوز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 10 رنزبنانے کے بعد رویندرا جدیجا کی گیند پر روہت شرما کے ہاتھوں کیچ دے کر پویلین واپس لوٹ گئے 75سکورپرآدھی سری لنکن ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔داسن شنکا آؤٹ ہونے والے چھٹے کھلاڑی تھے جو17رنز بنانے کے بعد روی چندرن ایشون کی گیند پر راہول کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ دلروان پریرا اور رنگنا ہیراتھ صفر پر ؤآٹ ہوئے۔کپتان دنیش چندیمل نے 61رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی اور سورنگا لکمل31رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 166 پر ڈھیر ہو کر میچ میں اننگز اور239رنز کی شکست سے دوچار ہوئی ۔ روی چندرن ایشون نے4جبکہ اشانت شرما، رویندرا جدیجا اور امیش یادیو نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں سری لنکن ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں205 رنز بنائے جس کے جواب میں بھارت نے کپتان ویرات کوہلی کی ڈبل سنچری اور مرلیوجے، چتیشور پجارا اور روہت شرم کی سنچریز سے تقویت پاتے ہوئے 6 وکٹ پر 610رنز کا پہاڑ کھڑا کرتے ہوئے اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔

ٹیسٹ میچ میں کسی بھی ٹیم کیخلاف یہ سب سے بڑی فتح  ہے جبکہ سری لنکا کی سب سے بڑی شکست ہے ۔ سری لنکن ٹیم کی 2017 میں طویل فارمیٹ میں یہ7ویں شکست ہے۔واضح رہے کہ بارش سے متاثرہ پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن ٹیم میچ کو ڈرا کرنے میں کامیاب رہی تھی، سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ 2 دسمبر سے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم دہلی میں کھیلا جائے گا۔

(این این آئی)

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7