رائے پور (ڈیسک) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں کھانا دینے سے انکار کرنے پر بھوکے شوہر نے بیوی کو قتل کرڈالا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 38 سالہ ملزم یوگیندر شریاواس ایک کلینک میں کمپاؤنڈر تھا جس نے کام سے آکر 32 سالہ منجیتا سے کھانا مانگا تاہم بیوی کے انکار پر دونوں میں جھگڑا ہوگیا۔ جھگڑے کے دوران یوگیندر نے کلہاڑی سے وار کرکے اہلیہ کو قتل کردیا،شور شرابے پر پہنچنے والے بچوں نے پڑوسیوں کو مطلع کیا بعدازاں قاتل شوہر نے پولیس کو خبر دیتے ہوئے گرفتاری دیدی۔ پولیس کے مطابق یوگیندر نے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ دونوں میاں بیوی میں اکثر لڑائی جھگڑا ہوتا رہتا تھا۔