اسلام آباد (ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کو چیلنج کیا ہے کہ وہ کشمیر میں اپنے عمل سے ثابت کرے کہ بھارت واقعی کشمیر میں امن چاہتا ہے! انھوں نے سوشل میڈیا اکائونٹ پر اپنی وڈیو شیئر کی جس میں انھوں نے سیکیورٹی کونسل میں منعقدہ میٹنگ میں بھارت کو باتیں کرنے کے بجائے یو این سیکیورٹی کونسل کی قرار داد پر عمل کرنے پر زور دیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے جو عدم توجہ کاشکار رہا ہے جسے پاکستان کثیر الجہتی ایجنڈا سمجھتا ہے ۔ جب کہ اس مسئلہ کا حل اسی سیکیورٹی کونسل کا ایجنڈا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر آپ واقعی کثیر الجہتی اداروں اور اس سیکیورٹی کونسل کی کامیابی چاہتے ہیں تو بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے آپ کو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی کشمیر کی قرارداد پر عمل کرنے میں مدد کرنی چاہیے۔
وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ یہاں اپنی باتوں سے نہیں اپنے عمل سے یہ ثابت کریں کہ کثیر الجہتی کامیاب ہوسکتی ہے، اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل آپ کی صدارت میں کامیاب ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں اپنے عمل سے یہ ثابت کریں کہ بھارت واقعی خطہ میں امن قائم کرنا چاہتا ہے۔
