You are currently viewing بھارت اپنے سفارتی طرز عمل کا سنجیدگی سے جائزہ لے، ترجمان دفتر خارجہ

بھارت اپنے سفارتی طرز عمل کا سنجیدگی سے جائزہ لے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (ڈیسک) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کو اپنے سفارتی طرز عمل کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں بھارتی وزیر خارجہ کے غیر ضروری ریمارکس کے بارے میں میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات قائم ہیں جو خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے میں اہم ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مضبوط اور کثیرالجہتی بن گئے ہیں جس سے دونوں ملکوں کے عوام سے عوام اور دو طرفہ تعلقات مزید گہرے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے تعمیری طور پر مصروف عمل ہیں۔ ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ بین الریاستی تعلقات کے بنیادی اصولوں کا احترام کرے اور امریکہ اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تبصرہ کرنے سے گریز کرے۔ ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ بھارت کو اپنے سفارتی طرز عمل کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔