You are currently viewing بھارت افغان سرحدوں سے دہشتگردوں کو تربیت فراہم کر رہا ہے، وزیر دفاع

بھارت افغان سرحدوں سے دہشتگردوں کو تربیت فراہم کر رہا ہے، وزیر دفاع

اسلام آباد (ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت افغان سرحدوں سے سرگرم دہشت گردوں کو تربیت فراہم کر رہا ہے، تحریک طالبان کے ناراض گروپ افغان سرحدی علاقوں سے کام کرتے پائے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے کچھ گروپ افغان سرزمین سے دوبارہ متحد ہوگئے ہیں اور انہوں نے پولیس چیک پوسٹوں پر حملے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لہر اس لیے سامنے آئی کہ عمران خان سیکیورٹی کے معاملات سے نمٹنے کے لیے واضح پالیسی نہیں بنا سکے، ہم عمران حکومت کی کمزور پالیسیوں کا شکار ہیں۔ ٹی ٹی پی گروپوں کی تربیت کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے وسیع تعاون سے ٹی ٹی پی گروپس امن کے لیے خطرہ ہیں، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے لڑی اور شورش زدہ علاقوں میں امن بحال کیا۔ وزیردفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے سخت معاہدوں کی وجہ سے پاکستان مشکل معاشی مراحل سے گزر رہا ہے، موجودہ حکومت معیشت کی بحالی اور دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7