نئی دلی(ڈیسک)معروف بھارتی موسیقار بپی لہری انتقال کر گئے۔
بپی لہری کی عمر 69 برس تھی وہ گزشتہ ایک ماہ سے ہسپتال میں داخل تھے،ان کو دوسرے صحت کے مسائل کے ساتھ سلیپ اپنیا (رات کو سوتے میں سانس بند ہونے کی بیماری)بھی لاحق تھی۔بپی لہری نے 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں بھارتی فلم انڈسٹری میں ڈسکو ڈانسر،کوئی یہاں ناچے ناچے اور پیار بنا چین کہاں جیسے گانوں سے ڈسکو موسیقی کو متعارف کروایا او ر رواج دیا۔ان کو سونے کے بھاری ہار اور انگوٹھیاں اور دھوپ کی شوخ عینکیں پہننے کی وجہ سے بھی شہرت حاصل تھی۔ان کا اصل نام آلوکیش لہری تھا لیکن انھوں نے فلم کے لیے اپنا نام بپی لہری منتخب کیا اور اسی سے مشہور ہوئے۔اپنے والدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے، بپی لہری نے تین سال کی عمر میں طبلہ بجانا شروع کیا۔ تاہم اپنے فلمی کیریئر میں انھوں نے زیادہ تر پارٹی ڈانس موسیقی ترتیب دی۔آسکر انعام سے سرفراز معروف موسیقار اے آر رحمان نے بپی لہری کو یاد کرتے ہوئے انھیں ہندی سینما کا ڈسکو کنگ کہا ہے۔