حیدر آباد (ڈیسک ):بھارتی شہر حیدرآباد کے حکام نے بھکاریوں کے خاتمے کیلئے شروع کی جانیوالی مہم کے تحت بھکاریوں سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر انعام کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر حیدرآباد کی انتظامیہ نے شہر کو بھکایوں سے پاک کرنے کیلئے 15 دسمبر کے بعد سے “بھکاریوں سے پاک”مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔حیدرآباد کے محکمہ جیل خانہ جات کی جانب سے بھکاریوں کی اطلاع دینے والوں کیلئے 500 روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حیدرآباد کے پولیس کمشنر نے شہر میں 2 ماہ کیلئے بھیک مانگنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے یہ قدم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا کے متوقع دورے کی وجہ سے اٹھایا جا رہا ہے۔ایوانکا ٹرمپ نے گلوبل انٹرپرینورشپ سمٹ میں شرکت کیلئے 28 اور 29 نومبر کو حیدرآباد آنا ہے۔گزشتہ ہفتے پولیس نے عبادتگاہوں، بس اسٹاپوں اور ریلوے اسٹیشن پر بھیک مانگنے والوں کو بڑی تعداد میں حراست میں لیا تھا۔پولیس کی جانب سے گرفتار کئے گئے افراد کو حیدرآباد سینٹرل جیل کے قریب واقع مرکز بحالی سینٹر میں داخل کرایا گیا، سربراہ مرکز بحالی حیدر آباد ایم سمپٹ نے بتایا کہ بھکاریوں کو گرفتار کرنے کا مقصد انہیں فیول اسٹیشنز پر کام کے لیے تیار کرنا ہے۔
(این این آئی)