You are currently viewing بھارت، لمپی اسکن وائرس 15 ریاستوں تک پھیل گیا،ایک لاکھ مویشی ہلاک

بھارت، لمپی اسکن وائرس 15 ریاستوں تک پھیل گیا،ایک لاکھ مویشی ہلاک

نئی دہلی(ڈیسک) بھارت کی 15 ریاستوں میں مویشیوں میں لمپی اسکن کی بیماری پھیلنے سے تقریبا ایک لاکھ گائے اور بھینسیں ہلاک جبکہ 20لاکھ سے زیادہ متاثر ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوی ایٹڈ پریس کے مطابق لمپنی سکن کا وائرس کم از کم 15 ریاستوں میں پھیل چکا ہے جہاں گزشتہ 3 ہفتوں میں گائے اور بھینسوں میں ہلاکتوں کی تعداد دگنی ہوگئی ہے۔اس وائرس سے متاثر ہونے سے نہ صرف جانور کی موت واقع ہو سکتی ہے بلکہ دودھ کی پیداوار بھی متاثر ہوتی ہے اور جانور میں کمزوری کے باعث بچہ پیدا کرنے میں بھی مسائل سامنے آتے ہیں۔ لمپی سکن کا وائرس کیڑوں سے پھیلتا ہے جو مچھروں یا چچڑوں کی طرح خون چوستے ہیں۔ اس سے متاثرہ گائے اور بھینسوں کو بخار کے بعد جلد پر پھوڑے بن جاتے ہیں۔اس وائرس سے چھوٹے کسان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جنہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے کے لیے مویشی پالنے کو ترجیح دی۔ بھارت کے شمالی شہر چندی گڑھ میں ماہر زراعت دویندر شرما کا کہنا ہے کہ لمپی سکن کی بیماری ایک انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہے جو گزشتہ سالوں میں بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بیماری سے متاثر ہونے والے جانوروں کی تعداد حکومتی اعداد و شمار سے کئی زیادہ ہے۔ اس سے قبل سال 1929 میں لمپی سکن کا پہلا کیس زیمبیا میں ریکارڈ ہوا تھا جو بعد میں افریقا کے دیگر ممالک میں پھیلا اور اب یورپ کے کچھ حصوں میں بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔