نئی دہلی(ڈیسک)بھارت کی مغربی ریاست راجستھان میں گزشتہ چند روزکے دوران پر اسرار بیماری سے 7 بچے ہلاک ہوگئے ہیں۔
اس بیماری سے اموات ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور سے 413 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ضلع سروہی میں ہوئیں۔ بھارتی حکام نے کہا کہ اس پر اسرار بیماری کے پھیلاؤ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ طبی ماہرین نے اس نامعلوم بیماری کا جائزہ لینے کے لیے ضلع سروہی میں طبی عملے کو روانہ کیا ہے۔ طبی حکام نے کہا کہ اس بیماری سے پہلی ہلاکت رواں ماہ 9اپریل کو ہوئی جس کے بعد 10اپریل کو دو بچے ہلاک ہوئے اور بعد ازاں 11سے 13اپریل تک 4بچے لقمہ اجل بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ سروہی کے ضلع کلکٹر بھنور لال نے کہا کہ اب تک اس بیماری کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی۔انہوں نے کہا کہ مرنے والوں بچوں میں اس بیماری کی علامات میں قے،بخار اور جسم میں اکڑپن شامل ہیں۔ دریں اثنا، محکمہ صحت کے حکام نے متاثرہ علاقے میں گھر گھر جا کر سروے شروع کر دیا ہے تاکہ اس بات کی نشاندہی کی جا سکے کہ آیا اس علاقے میں مزید بچے اسی علامات کے شکار ہیں یا نہیں۔