You are currently viewing بنیادی ہدف ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہیں، نگراں وزیر خارجہ

بنیادی ہدف ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہیں، نگراں وزیر خارجہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ملک میں قیمتیں بڑھیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں نگراں وزیر خارجہ نےکہا کہ معاشی مضبوطی سیاسی استحکام سے مشروط ہے، ہمارا بنیادی ہدف پاکستان میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایس آئی سی ایف کے تحت 5 بڑے شعبوں میں سرمایہ کاری کے اہداف مقرر کیے ہیں جس کے لیے خلیجی ممالک سے معاہدے ہوں گے۔
سی پیک سے متعلق نگراں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا بہترین اور قابل اعتماد دوست ہے، چین نے سی پیک کے تحت پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی، سی پیک کے اگلے مرحلے میں زراعت اور ریلوے پر توجہ دی جارہی ہے۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، پاکستان میں دہشت گرد گروپ ہمسایہ ملکوں سےکارروائیوں میں ملوث ہیں جبکہ افغانستان اپنی سرزمین کسی بھی ملک کیخلاف استعمال نہ کرنے کویقینی بنائے۔
نگراں وزیرخارجہ نے ملک میں پیٹرول کی زائد قیمتوں کے حوالے سے کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ملک میں قیمتیں بڑھیں۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.