You are currently viewing بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کے دماغ سے خناس نکلا کہ کراچی ان کا ہے، سعید غنی

بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کے دماغ سے خناس نکلا کہ کراچی ان کا ہے، سعید غنی

کراچی (ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کے دماغ سے خناس نکلا کہ کراچی ان کا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں ہم سب سے بڑی پارٹی کے طور پر سامنے آئے ہیں، شہر میں اپنا میئر لانے کے لیے رابطے کریں گے۔کل کے الیکشن میں ثابت ہوگیا کہ سابقہ جنرل انتخابات میں ڈاکا ڈالا گیا تھا اور پی ٹی آئی کے دماغ سے خناس نکلا کہ کراچی ان کا ہے۔ ان کا کہنا تھا 1970 کے الیکشن میں بھی پیپلزپارٹی کو کراچی سے بھرپور ووٹ پڑا تھا، پیپلز پارٹی انشاءاللہ آپ کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کرے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارا تحریک انصاف سے بات کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، پی ٹی آئی کو چھوڑ کر باقی تمام جماعتوں سے بات ہو سکتی ہے۔ سعید غنی کا کہنا تھا جماعت اسلامی نے کراچی میں کافی نشستیں جیتی ہیں جس پر حافظ نعیم الرحمان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جبکہ کراچی میں پی ٹی آئی کے میئر کی نشست پر امیدوار اپنی نشست بھی نہ جیت سکے، اب تک کے نتائج کے بعد ہم 100 کے قریب یو سیز جیت چکے ہیں، جماعت اسلامی پیپلزپارٹی سے تھوڑا ہی پیچھے ہے، مجموعی طورپر جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی کی سیٹوں کا واضح نمبربنتا ہے۔ ان کا کہنا تھا ہم نے ملیر سے 21، جنوبی سے 16، سینٹرل میں 5، کورنگی میں 6 سے زائد نشستیں جیتی ہیں، کیماڑی میں ہم 25، ویسٹ میں 16 سے 18 اور ایسٹ میں 15، 16 نسشتوں پر جیت رہے ہیں۔سعید غنی کا کہنا تھا جماعت اور پی ٹی آئی ہو سکتا ہے مل کر حکومت بنا لیں، ہمارا اندازہ ہے کہ دیگر جماعتوں کے 20 امیدوار بھی جیتے ہیں، ابھی کچھ نشستوں پر الیکشن ہونا باقی ہے، مخصوص نشستیں بھی ہمیں زیادہ ملیں گی۔ ہم اپنا میئر لانے کے لیے سب سے رابطے کریں گے۔