You are currently viewing بطور وزیر داخلہ تردید کرتا ہوں کہ شہباز گل پر تشدد کیا گیا، رانا ثنا

بطور وزیر داخلہ تردید کرتا ہوں کہ شہباز گل پر تشدد کیا گیا، رانا ثنا

اسلام آباد(ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ میں بطور وزیر داخلہ اس بات کی تردید کرتا ہوں کہ شہباز گل پر تشدد کیا گیا، میڈیکل رپورٹ میں شہباز گل پر تشدد کے کوئی ثبوت نہیں ملے،وہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ دس روز سے شہباز گل پر تشدد کی بات کی جا رہی ہے، میڈیا پر واویلا مچا ہے کہ بڑا ظلم ہوا ہے، مجھے صرف اتنا بتا دیں کہ شہباز گل پر تشدد کس جگہ پر ہوا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ پر لوگوں کی جانب سے تنقید کی جاتی ہے، کتابیں بھی لکھی گئیں لیکن آج تک کسی نے فوج کو اپنے افسران سے بغاوت پر نہیں اکسایا، یہ بیانیہ ناقابل برداشت ہے، گھنائونی سازش ہے، ہم اسے کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے۔ وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ اسلام آباد پولیس نے 24 گھنٹوں میں شہباز گل کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا، گیارہ اگست کو شہباز گل کا میڈیکل کیا گیا اور میڈیکل میں تشدد کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شہباز گل تین دن پولیس کی حراست میں رہے ہیں، میں ان تین دنوں کی تسلی دیتا ہوں کہ آئی جی اور تمام افسران سے بات کی ہے، میں بطور وزیر داخلہ اس بات کی تردید کرتا ہوں کہ شہباز گل پر تشدد کیا گیا، 12 تاریخ کو شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجا گیا، جو چھ دن گزرے ہیں اس دوران شہباز گل نے کوئی درخواست نہیں دی کہ مجھ پر تشدد کیا گیا۔ رانا ثنا نے کہا کہ شہباز گل کی جو حالت خراب ہوئی ہے اس میں تشدد کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، تشدد جسمانی ہو یا ذہنی، پاکستان مسلم لیگ (ن) اس کی مخالفت کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز گل نے چینل کے ساتھ مل کر فکس پروگرام کیا، شہباز گل کو کہا گیا کہ آپ نے 14 منٹ بات کرنی ہے، یہ ایجنڈا عمران نیازی کا ایجنڈا ہے، نو اگست کو شہباز گل کے بیانیے کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا، میں بلا خوف تردید کہتا ہوں کہ اگر پی ٹی آئی کے پاس کچھ ہے تو سامنے لائیں۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.