You are currently viewing بس بہت ہو گیا، لاڈلے کو پاکستان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دینگے، شہباز

بس بہت ہو گیا، لاڈلے کو پاکستان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دینگے، شہباز

اسلام آباد (ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بس بہت ہو گیا، اب قانون اپنا راستہ لے گا، لاڈلے کو پاکستان کے مفادات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ آئین میں مقننہ، عدلیہ اور انتظامیہ کے اختیارات واضح ہیں، آج مقننہ اور عدلیہ کے اختیارات کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں، ایک لاڈلا عدالت میں پیش نہیں ہوتا، چاہے کتنے بھی نوٹس ملیں، اسے رات کے اندھیرے میں مختلف عدالتوں سے توسیع ملتی ہے، وہ عدلیہ کا مذاق اڑاتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ لاڈلا ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر تحکمانہ انداز میں بات کرتا ہے، اس نے آئین و قانون کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس شخص نے خاتون جج کے بارے میں کیا کہا کسی نے نوٹس نہیں لیا، عمران خان حکومت میں تھے تو ہمارے خلاف جھوٹے مقدمے بنوائے، عمران نیازی نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا اور اس کی خلاف ورزی کی، ان کے چار سال کے دور میں قرضہ 70فیصد بڑھ گیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج آئی ایم ایف ہم سے قدم قدم پر ضمانتیں لے رہا ہے، ہم نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں، وزیرِ خزانہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل کی شرائط کو مکمل کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ چور اور ڈاکو کا بیانیہ اتنا تیز کیا گیا کہ دنیا کی تاریخ میں اس مثال نہیں ملتی۔آپ نے کہیں دیکھا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پیٹرول بم مارے جائیں، کیا آئین اس بات کی اجازت دیتا ہے؟
انھوں نے کہا کہ 26 نومبر کو نئے سپہ سالار کا چناؤ ہوا، جنرل عاصم منیر ایک پروفیشنل سولجر ہیں، سوشل میڈیا پر افواج کی لیڈر شپس پر غلیظ زبان استعمال کی جا رہی ہے، کوئی ہے جو اس کا نوٹس لے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بس بہت ہو گیا اب قانون اپنا راستہ لے گا، ہم قانون سازی کریں گے اور لاڈلے کو پاکستان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.