پشاور (ڈیسک) خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ چھاتی کا کینسر مہلک بیماری ہے اور اس کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو خیبر میڈیکل کالج میں بریسٹ کینسر کے خلاف آگاہی سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خاتون اول نے کہا کہ اگر ابتدائی مرحلے میں تشخیص اور علاج کر لیا جائے تو 90 فیصد سے زائد مریض ٹھیک ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر سال تقریبا 90 ہزار سے ایک لاکھ افراد میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہوتی ہے اور تقریبا 50 فیصد مریض تشخیص اور علاج میں تاخیر کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی سمیت پاکستان کے تمام صوبوں میں آگاہی سیمینارز اور ورکشاپس کی وجہ سے اسکریننگ کے لیے اسپتالوں میں آنے والی خواتین اور لڑکیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں اور جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں بھی آگاہی سیشنز اور ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا جو کہ درست سمت میں ایک مثبت قدم ہے۔ اس موقع پر میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سراج اور چیف ایگزیکٹو آفیسر گرین اسٹار سعید عزیز نے کے ٹی ایچ اور گرین اسٹار کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔ سیمینار سے چیئرمین بورڈ آف گورنرز کے ٹی ایچ ڈاکٹر ندیم خاور، ای این ایس کے ٹی ایچ، ڈاکٹر محمود اورنگزیب، ڈاکٹر ماہ منیر، کے ٹی ایچ کے شعبہ آنکولوجی سرجری کے سربراہ اور سینئر آنکولوجسٹ ڈاکٹر ارم صابر علی نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں خاتون اول نے کے ٹی ایچ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گزشتہ سال نومبر میں ان کی طرف سے افتتاح کیے گئے بریسٹ کینسر وارڈ میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں اور خدمات کا معائنہ کیا اور مریضوں سے ملاقات کی ۔

بریسٹ کینسر کیخلاف اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، بیگم ثمینہ عارف علوی
- Post author:Umer Khan
- Post published:10/11/2022 17:38
- Post category:پاکستان / خیبر پختونخوا / صحت
- Post last modified:10/11/2022 17:38
- Reading time:1 mins read
Tags: Begum Samina Arif Alvi, Breast Cancer awareness, Khyber Medical College, News in Pakistan, news pakistan, news pakistan tv, newspakistan, newspakistantv, pakistan news, seminar