لندن (ڈیسک) ورجین آربٹ نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ کی سرزمین سے پہلی خلائی پرواز 9 جنوری کو روانہ ہوگی۔
اعلان میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ کا تاریخی اسٹارٹ می اپ نامی مشن 9 جنوری کی شب 10 بج کر 16 منٹ (پاکستانی وقت کے مطابق 10 جنوری کی شب 3 بج کر 16 منٹ) پر زمین کے مدار کے لیے روانہ کیا جائے گا۔ اعلان میں کہا گیاہے کہ اگر کسی تکنیکی مسئلے یا خراب موسم کے باعث مشن بھیجنا ممکن نہ ہوسکا تو جنوری میں ہی اسے کسی اور دن لانچ کیا جائے گا۔ برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے دسمبر 2022 میں ورجین آربٹ کے لیے خلائی مشن بھیجنے کا لائسنس جاری کیا تھا۔ ورجین آربٹ اس مشن کے لیے یو کے اسپیس ایجنسی، رائل ائیر فورس اور کورن وال کونسل کے ساتھ ملکر کام کررہی ہے۔ یہ ورجین آربٹ کا پہلا بین الاقوامی لانچ مشن جبکہ مغربی یورپ کا پہلا کمرشل خلائی مشن ہے۔ اس لانچ کے لیے کاسمک گرل نامی بوئنگ 747 طیارہ کور ن وال ائیرپورٹ کے اسپیس پورٹ سے پرواز کرے گا جس کے ونگز کے نیچے ورجین آربٹ کا لانچر ون راکٹ موجود ہوگا ۔آئرلینڈ کے جنوب میں 35 ہزار فٹ کی بلندی پر یہ راکٹ طیارے سے ریلیز کیا جائے گا۔ مذکورہ مشن میں 7 سیٹلائیٹس کو زمین کے مدار پر پہنچایا جائے گا۔
