You are currently viewing برطانوی فاسٹ بالر انجری کے باعث پاکستان کیخلاف ابتدائی ٹیسٹ سے باہر

برطانوی فاسٹ بالر انجری کے باعث پاکستان کیخلاف ابتدائی ٹیسٹ سے باہر

اسلام آباد (ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بالر مارک ووڈ آسٹریلیا میں حال ہی میں ختم ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران کولہے کی انجری کے باعث پاکستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے راولپنڈی میں شیڈول ابتدائی ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے پیر کو تصدیق کی ہے کہ مارک ووڈ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے ، وہ بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ 32 سالہ مارک ووڈکو 26 ٹیسٹ، 57 ایک روزہ اور 27 ٹی ٹونٹی میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔ مارک ووڈ نے 26ٹیسٹ میچز میں 31.91 کی اوسط سے 82 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں اور وہ انگلینڈ کے لیے تمام فارمیٹس میں کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ انگلش فاسٹ بالر مارک ووڈ نے تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے قبل تیاریوں کے لیے ٹیم کے ساتھ متحدہ عرب امارات کا سفر نہیں کیا تھا، لیکن اس ہفتے کے آخر میںا سکواڈ میں شامل ہونے کی امید تھی۔ 32 سالہ کھلاڑی بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں اور توقع ہے کہ وہ بالترتیب ملتان اور کراچی میں کھیلے جانے والے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ مایہ ناز آل رائونڈر بین سٹوکس کی قیادت میں انگلینڈ 2005 کے بعد پاکستان میں اپنی پہلی ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے تیار ہے۔