لندن (ڈیسک) برطانوی شہزادہ ولیم کل(منگل کو) اپنی 40 ویں سالگرہ منائیں گے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق شہزادہ ولیم کی مقبولیت کا تناسب 66 فیصد جبکہ ان کی اہلیہ کا 60 فیصد ہے۔
شاہی تبصرہ نگار رچرڈ فٹز ولیمز نے بتایا کہ یہ ان کے لیے ایک بہت اہم سنگ میل ہے کیونکہ اپنے والد شہزادہ چارلس کے ساتھ ساتھ وہ بھی ملکہ برطانیہ کی حمایت کے لیے سب سے آگے ہیں اور مستقبل کے بادشاہ کے طور پر اپنی شناخت بنارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی کی تقریبات کے اختتام پر شاہی محل کی بالکونی میں واضح کیا گیا کہ شہزادہ ولیم اور اور ان کی اہلیہ کیٹ بادشاہت کا مستقبل ہیں۔ ملکہ برطانیہ نے خرابی صحت اور طویل عمر کے باعث اپنی شاہی ذمہ داریاں کم رہی ہیں جس کے بعد شہزادہ ولیم کا بادشاہت سنبھالنے کے لیے دوسرا نمبر ہے اوروہ سب سے زیادہ بااثر شخصیت ہیں۔ ڈیوک آف کیمرج 21جون 1982کو پیدا ہوئے، انہوں نے جنوری 2006 میں اپنے فوجی کیریئر کا آغاز کیا اور انہوں نے 29 اپریل 2011 کو کیتھرین مڈلٹن سے شادی کی، ان کے 2بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ شہزادہ ولیم 2017 میں ہیلی کاپٹر ایمبولینس پائلٹ کا عہدہ چھوڑنے کے بعد زیادہ وقت اپنی فیملی کے ساتھ گزارتے ہیں۔