You are currently viewing برطانوی اداکار جولین سینڈز کیلیفورنیا کے پہاڑوں میں لاپتہ ہوگئے

برطانوی اداکار جولین سینڈز کیلیفورنیا کے پہاڑوں میں لاپتہ ہوگئے

لاس اینجلس (ڈیسک) برطانوی اداکار جولین سینڈز کیلیفورنیا کے پہاڑوں میں لاپتہ ہوگئے ۔
برطانوی خبررساں ادارے نے لاس اینجلس ٹیلی ویژن اسٹیشن اور ہالی ووڈ ٹریڈ کے حوالے سے بتایا کہ اے روم وِد اے ویو اور وارلاک جیسی فلموں میں اپنے مرکزی کردار سے شہرت کی بلندیوں کو چھو لینے والے جولین سینڈز سے رابطے منقطع ہو چکے ہیں۔
مشہور اداکار کی اہلیہ نے پولیس کو اطلاع دی کہ وہ سان گیبریل پہاڑوں کے علاقے بالڈی بال میں ہائیکنگ کے لیے گئے تھے اور واپس گھر نہیں پہنچے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی بعد پولیس اور ریسکیو کی ایک ٹیم نے ہیلی کاپٹر اور ڈرون طیاروں کے ذریعے اداکار کی تلاش شروع کر دی لیکن برفانی تودے کے خطرات اور پگڈنڈی کے خراب حالات کی وجہ سے تقریبا 24 گھنٹے بعد یہ کوشش روک دی گئی اور حکام نے حالات کی اجازت ملنے پر زمینی تلاشی دوبارہ شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
واضح رہے کہ سان برنارڈینو کانٹی شیرف کے محکمے نے ایک ایڈوائزری جاری کی جس میں انتباہ کیا گیا کہ کیلیفورنیا میں طوفانی بارشوں اور شدید برف باری کے موسم نے اس علاقے کو تفریح کے لیے خطرناک بنا دیا ہے۔
پچھلے 4 ہفتوں کے دوران سرچ ٹیموں کو مانٹ بالڈی اور آس پاس کے علاقوں میں 14 ریسکیو مشنوں پر روانہ کیا گیا ہے جو گمشدہ یا پھنسے ہوئے پیدل سفر کرنے والوں کے لیے ہیں، جن میں سے دو گرنے یا زخمی ہونے کے بعد ہلاک ہو گئے ہیں تاہم انہوں نے اپنی ایڈوائزری میں اداکار کا کوئی ذکر نہیں کیا ہے۔