اسلام آباد (ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی موجودگی میں کراچی اور لاہور کی 10 سرکردہ کاروباری شخصیات کو مشکل معاشی حالات سے پاکستان کے نکل آنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل چکا ہے، ملک ترقی کرے گا اور ہم خوشحال قوم بن کر ابھریں گے۔
پیر کو ہونے والی ملاقات کے حوالے سے باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف ملاقات کے دوران پرامید تھے اور انھوں نے کہا کہ موجودہ معاشی مشکلات پر قابو پا لیا جائے گا۔
انہوں نے کاروباری افراد سے کہا کہ وہ پرعزم اور پراعتماد رہیں۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے کاروباری شخصیات کو بتایا کہ قوم پر مشکلات آتی ہیں اور ہمیں مشکل حالات کا سامنا ہے لیکن بدتر حالات کو ہم پیچھے چھوڑ چکے ہیں اور ہم قائم و دائم رہیں گے۔
جنرل عاصم نے اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان موجودہ امتحان میں کامیاب ہو جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف اور وزیر خزانہ نے کاروباری افراد کو بتایا کہ آئی ایم ایف کی تمام پیشگی شرائط کو پورا کر دیا گیا ہے اور چند روز میں ہی معاہدہ ہو جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ معیشت میں تیزی لانے کیلئے دوست ممالک سے کیے جانے والے معاہدوں کو دستاویزی شکل دی جائے۔
کاروباری افراد کو بتایا گیا کہ سول اور ملٹری قیادت نے دوست ممالک کو زراعت، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے لئے قائل کیا ہے۔ حکومت کو توقع ہے کہ ان ممالک سے ایڈوانس ایکوئٹی (پیشگی سرمایہ) ملے گا۔