You are currently viewing بجلی 3 روپے 99 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری

بجلی 3 روپے 99 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری

اسلام آباد (ڈیسک ) بجلی کی قیمت میں تین روپے نناوے پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ نیشنل الیکٹرک پاورریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

سی پی پی اے نے اپریل کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست میں بتایا کہ اپریل کے مہینے میں 12 ارب55 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی، جس کی مجموعی لاگت 133 ارب روپے رہی۔ڈیزل سے 27 روپے فی یونٹ، فرنس آئل سے 28، ایل این جی سے 16، کوئلے سے 14 روپے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔31 روپے فی یونٹ بجلی لاسز کی نذر ہوئی۔ نیپرا سندھ کے ممبر رفیق شیخ نے کہا کہ 33 گیس پاور پلانٹس میرٹ آرڈر میں سر فہرست ہیں، لیکن جب دو اڑھائی سال سے گیس دستیاب نہیں ہے تو پھر یہ پلانٹس سرفہرست کیوں ہیں۔ نیپرا نے میرٹ آرڈر کی لسٹ درست کرنے کی بھی ہدایت کی۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 3 روپے 99 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی، جس کے نتیجے میں صارفین پر 51 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے سوا بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں پر ہوگا۔