You are currently viewing باکسر عثمان وزیر کا اپنے تمام ٹائٹل شہداء کے نام کرنے کا اعلان

باکسر عثمان وزیر کا اپنے تمام ٹائٹل شہداء کے نام کرنے کا اعلان

اسلام آباد (ڈیسک) پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے کہا ہے کہ تمام فورسز کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آج تک جتنے بھی ٹائٹل جیتے سب شہداء کے نام کرتا ہوں ۔
عثمان وزیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں جب ورلڈ بیسٹ باکسر چیمپئن بنا تو خواہش تھی کہ پاکستان بھی میزبانی کرے، ورلڈ یوتھ ٹائٹل فائٹ پہلی بار پاکستان میں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ گلگت میں منعقد ہوگی جس میں 13 ملکوں کے باکسر شریک ہوں گے، چیمپئن شپ میں ورلڈ یوتھ ٹائٹل کا دفاع کروں گا، پہلی بار پاکستان کو ورلڈ یوتھ ٹائٹل کی میزبانی کا موقع مل رہا ہے۔
عثمان وزیر نے کہا کہ چیمپئن شپ کے لیے یکم جون سے گلگت میں کیمپ شروع ہوگا، گلگت سے بہت سے نوجوان حصہ لیں گے، ٹائٹل فائٹ میں تنزانیہ کے کھلاڑی کے ساتھ مقابلہ ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ چیمپئن شپ میں انگلینڈ، بنگلادیش، ایران، فلپائن، ترکیہ، ملائیشیا، افغانستان، متحدہ عرب امارات، جرمنی، انڈونیشیا اور کیمرون کے کھلاڑی بھی شریک ہوں گے۔