کراچی (ڈیسک) بانی تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری پر پاکستانی شوبز کے فنکاروں نے اپنا شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔
اداکارہ مشی خان جو اس سے قبل بھی پی ٹی آئی اور عمران خان سے اپنی وابستگی اور پسندیدگی کا کئی بار اظہار کر چکی ہیںنے کہا کہ 5اگست کا دن پاکستان کی تاریخ میں یوم سیاہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان ہمارے دلوں کا رہنما ہے جس پر حملہ کرنا ناممکن ہے، اللہ پاک آپ کو سلامت رکھے جناب عمران خان آپ بہادری اور کردار کا مظہر ہیں۔ آپ ہمیشہ ہمارے ہیرو رہیں گے۔
معروف ایکٹر اور ہوسٹ شہریار نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں کہا کہ آج کا دن مایوسی کا دن ہے، عدالت کے فیصلے پر سخت افسوس ہے۔
پاکستانی شوبز کے نوجوان اداکار اُسامہ خان نے اپنی پوسٹ میں وزیر اعظم کو مخاطب کر کے کہا کہ اتنا نہ جھکیں۔
انھوں نے مزید لکھا کہ ’نہ فاطمہ جناح بچ سکی تھیں نہ بھٹو نہ بےنظیر نہ نواز شریف اور نہ ہی اب عمران خان، وہ جو کسی کے نہ ہیں نہ تھے وہ آپ کے بھی نہیں ہیں۔‘
اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال قید، ایک لاکھ روپے جرمانہ اور سیاست پر پانچ سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔