اسلام آباد (ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے باجوڑ، خار میں دہشت گردی کے واقعے کے سوگ میں سی پیک کی دس سالہ تقریبات سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں وزیراعظم کی ہدایت پر سی پیک کے دس سال مکمل ہونے کی خوشی میں کلچر شو بھی منسوخ کر دیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق سی پیک کے دس سال مکمل ہونے کی خوشی میں تقریب کلچرل شو کے بغیر سادگی سے منعقد ہو گی۔
چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ کی آمد کے موقع پر کلچر شو منعقد ہونا تھا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قوم سوگ کی حالت میں ہے، لہذا کلچر شو منعقد نہ کیاجائے۔
واضح رہے کہ باجوڑ ، خار میں گزشتہ روز جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں دہشت گردی سے 46افراد شہید اور 200سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
