اسلام آباد(ڈیسک) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت الیکشن کمیشن پنجاب میں ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں تین رکنی وفد نے کیس کی سماعت کی۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ اب سے پہلے دو بار پنجاب میں حلقہ بندیاں کر چکے ہیں، اب تیسری بار کرنا ہو گی، صوبائی اسمبلی میں نیا بل پیش ہوا ہے جو منظور کر لیا گیا ہے، جلد قانون بن جائے گا، اب نئے قانون کے مطابق تیسری بار حلقہ بندیاں کرنا پڑیں گی۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ پنجاب حکومت ہمیں رولز فراہم کرے، جلد ڈی مارکیشن کر لیں گے۔ 25 ہزار آبادی پر حلقہ بن جائے گا۔ چیف الیکشن کمیشن سکندر سلطان راجا نے کہا کہ پنجاب میں تیسری بار حلقہ بندیاں مذاق نہیں ہے، اگر الیکشن کمیشن پرانے قانون پر بلدیاتی انتخابات کرا سکتا ہوا تو آج پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیں گے اور اگر نئے قانون پر بلدیاتی انتخابات کرانے ہیں تو چیف سیکریٹری ہمیں یقین دہانی کروائیں۔ انھوں نے سیکریٹری الیکشن کمیشن سے کہا کہ آپ سپریم کورٹ کو دوبارہ خط لکھیں اب ہم چیف سیکریٹری کو ہدایات دیں گے اور آرڈر پاس کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ای وی ایم پر انتخابات کرانا ممکن ہی نہیں ۔