اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں کتنے فیصد اضافہ ہوا؟ ادارہ شماریات نے ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی۔
ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں صفر اعشاریہ 93 فیصد اضافہ ہوا، سالانہ بنیادوں پر مہنگائی 38 اعشاریہ 67 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 11 میں کمی واقع ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 26 روپے 2 پیسے، چکن کی فی کلو قیمت میں 31 روپے 26 پیسے، لہسن کی فی کلو قیمت میں 24 روپے 1 پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 14 روپے 4 پیسے مہنگا ہوا ۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے پیاز فی کلو 2 روپے 41 پیسے مہنگی جبکہ دال مسور، مونگ اور ماش کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 12 روپے 39 پیسے کمی ہوئی ہے۔
رواں ہفتے چینی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے91 پیسے اور آلو، آٹا، گڑ اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں معمولی کمی ہوئی۔