کراچی (نیوز ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما امین الحق کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم وزیراعظم کے لیے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دے گی، سندھ میں وزارت اعلیٰ کا امیدوار ایم کیو ایم اور ن لیگ کا مشترکہ ہوگا۔
کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امین الحق نے کہا کہ ہم مشترکہ مؤقف کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، مسلم لیگ کے ساتھ مذاکرات اچھے ماحول میں ہوئے ہیں، سندھ میں کرپشن اور اقربا پروری کے خاتمے کے لیے ملکر چلیں گے۔
امین الحق نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی میں میٹرو بس صوبائی حکومت نے بنائی، آصف زرداری بااختیار صدر تھے کیا کراچی حیدرآباد موٹر وے بنا کردیا۔
انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا جو فیصلہ آیا وہ اچھا فیصلہ ہے، این اے 242 پر فیصلہ شہباز شریف اور خالد مقبول کریں گے، سندھ کے عوام کو ایم کیو ایم ن لیگ اتحاد کی خوشخبری ملے گی، ایم کیو ایم ن لیگ کی سندھ میں مشترکہ حکومت ہوگی۔
امین الحق نے کہا کہ ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات ہوئی کچھ پر اتفاق ہوگیا ہے، کچھ معاملات کو دونوں جماعتیں اپنی قیادت کو بھیجیں گی، ہر صورت سندھ میں کرپشن کو ختم کرنا ہے، ہماری گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور جمعیت علمائے اسلام سے بھی بات چل رہی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے کہا ہے کہ ن لیگ ایم کیو ایم کے اتحاد کا وژن سندھ کی ترقی ہے، سندھ میں 15 سال میں 22 ہزار ارب روپے ترقیاتی فنڈز آیا اور سندھ کے حالات دیکھیں تو 22 سو ارب لگے نظر نہیں آتے، ملک کو ترقی دینے کےلیے سب کو مل کر چلنا ہوگا، سندھ کےعوام کو حقوق دلانا ہیں، کثیر الجماعتی اتحاد بن رہا ہے۔
رانا مشہود نے کہا کہ ایک ایک نشست پر سفارشات فائنل کرلی ہیں، فیصلہ اور اعلان ایک ہے کہ جبر لوٹ مار کی سیاست نہیں چلنے دینی، حتمی سفارشات قیادت کو بھیج دیں گے۔